| 02.12.2008 | 03:00 UTC
اوباما نے ہلری کلنٹن اور رابرٹ گیٹس کو وزیرنامزد کردیا
نو منتخب امریکی صدر باراک اوباما نے سابقہ خاتون اول ہلری کلنٹن کو آئندہ وزیر خارجہ اور موجودہ وزیر دفاع رابرٹ گیٹس ہی کو نیا وزیر دفاع نامزد کردیا ہے۔ باراک اوباما نے شکاگو میں ایک پریس کانفرنس کے دوران 20 جنوری سے اپنی قیادت میں کام کرنے والی قومی سلامتی ٹیم کے ارکان کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نئی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن ہوں گی، موجودہ وزیردفاع رابرٹ گیٹس اسی عہدے پرفائز رہیں گے اور قومی سلامی کے نئے مشیر مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے سابق سپریم کمانڈر جیمز جونز ہوں گے۔ نئی وزیر خارجہ کے طور ہلری کلنٹن کے نام کا اعلان کرتے ہوئے باراک اوباما نے کہا کہ ہلری کلنٹں بہت ذہین ہیں، اپنی ذمے داریوں سے متعلق ان کا اخلاقی نقطہ نظربہت متاثر کن ہے اور انہیں فخر ہے کہ ہلری کلنٹں امریکہ کی نئی وزیر خارجہ ہوں گی۔ اپنی نامزدگی کے بعد ہلری کلنٹں نے کہا کہ انہیں باراک اوباما کی قیادت میں امریکی انتظامیہ میں شمولیت پر فخر ہے اور انہیں علم ہے کہ یہ نئے فرائض ان کے لئے مشکل ہونے کے ساتھ ساتھ بہت جوش وجذبے کا باعث بھی بنیں گے۔










